مسلمان ہر سال ماہ رمضان کا چاند نظر آنے پر طلوع فجر سے غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں اور ماہ شوال کا چاند نظر آنے پر یہ مہینہ اپنے اختتام کو پہنچتا ہے۔ یہ مہینہ اسلامک کیلنڈر کا نواں مہینہ شمار ہوتا ہے۔
مسلمانوں پر فقط ماہ رمضان کے روزے فرض نہیں ہیں بلکہ کچھ دیگر واجب روزے بھی ہیں ان میں سے کفارے کا روزہ ہے یہ کسی مسلماں سے کوئی گناہ سرزد ہونے پر واجب ہوجاتا ہے۔ قضا روزے، حج میں قربانی کے بدلے کا روزہ، اسی طرح نذر کا روزہ، عھد و یمیں کا روزہ اور وہ روزے جو کوئی مسلمان اپنے آپ پر واجب کرتاہے یا پھر وہ کسی مرحوم کے روزے بجالانے کا اجیر بن جاتا ہے، اسی طرح اعتکاف کے تیسرے دن کا روزہ بھی واجب ہے۔
اسی طرح کچھ مستحب روزے بھی ہیں جن کو مسلمان مختلف مناسبات میں رکھتے ہیں
پس جب مسلمان کو یہ یقین ہوجاتا ہے کہ ماہ رمضان شروع ہوچکا ہے تو وہ روزے کی نیت کرتا ہے "قربتا الی اللہ" اور یہ نیت پورے مہینے کے دنوں کے لئے ہوتی ہے۔ روزے کے ایام میں روزہ دار ان چیزوں سے اجتناب کرتا ہے۔
(1)۔ کھانے اور پینے سے، اگر چہ تھوڑی ہی مقدار میں کیوں نہ ہو۔
(2)- جماع سے۔
(3)- خدا، رسول اوراماموں کی طرف جھوٹ کی نسبت دینے سے۔
(4)- پورا سر پانی میں ڈبونا لیکن یہ اختلافی مسئلہ ہے، لھذا مقلد کو اپنے مجتہد کی طرف رجوع کرنا چاہئے۔
(5)- غبارحلق تک پہنچانا۔
(6)- صبح کی اذان تک جنابت، حیض یا نفاس کی حالت میں باقی رہنا۔
(7)- سیّال چیز سے حُقنہ (انیما) گرچہ مجبوری اور علاج کی غرض سے ہو روزے کو باطل کرتا ہے لیکن جامد سے حقنہ (انیما) کرنا جائز ہے ۔ لیکن عورتوں کے لئے دونوں صورتوں میں جائز ہے۔
(8)- عمداً قے کرنا اگر سہوا ہو تو کوئی اشکال نہیں ۔
ایک لفظ میں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ رمضان کے روزے انسانی نفس کی تربیت کا ایک اہم اور سب سے موثر ذریعہ ہیں۔